بنگلورو ،18؍ اپریل(ایس او نیوز) ایک اہم ترین پیش رفت دکھاتے ہوئے ریاستی الیکشن افسروں نے ریاستی وزیر داخلہ ایم بی پاٹل کی جانب سے طلب کردہ پریس کانفرنس منسوخ کردی ۔ بی ایل ڈی لیٹر پیڈ کو استعمال کرتے ہوئے 2017ء میں ایم بی پاٹل نے یو پی اے کی صدر سونیا گاندھی کو لنگایت دھرم کی تقسیم کرنے سے متعلق لکھا گیا ایک مکتوب سوشیل میڈیا میں وائرل ہورہا ہے ۔ اس وائرل مکتوب کے حوالے سے وزیر داخلہ ایم بی پاٹل نے بروز منگل وجئے پور پولیس تھانے میں شکایت درج کروائی تھی ۔ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مجھے بدنام کرنے کیلئے چند لوگوں نے میرے خلاف اس قسم کا مکتوب وائرل کیا ہے ۔ یہ مکتوب جعلی لیٹر پیڈ پر سینڈکیا گیا ہے۔ بعد ازاں بی ایل ڈی کے جعلی مکتوب اور علاحدہ لنگایت دھرم کے معاملہ میں وضاحت پیش کرنے کیلئے انہوں نے بروزچہارشنبہ دوپہر 12بجے شہر کے ہوٹل میں ایک اخباری کانفرنس طلب کی تھی ۔ لیکن الیکشن کمیشن نے ایم بی پاٹل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ کی تکمیل کے 40گھنٹے قبل کسی بھی قسم کی پریس کانفرنس منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ اگرکی گئی تو وہ انتخابی ضابطۂ کی خلاف ورزی شمار ہوگی ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق آج آخری لمحہ میں ایم بی پاٹل نے پریس کانفرنس منسوخ کردی۔قبل ازیں اس وائرل مکتوب کی بنیاد پر ریاستی بی جے پی یونٹ کے صدر بی ایس ایڈی یورپا نے یوپی اے کی صدر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس دھرم کو تقسیم کرتے ہوئے ایک طبقہ کو سیاسی طورپر کمزورکرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ حال ہی میں ریاستی وزیر آبی وسائل ڈی کے شیو کمار نے بھی علاحدہ مستقل دھرم کے معاملہ میں عوام سے معافی طلب کی تھی ۔ اسمبلی انتخابات کے موقع پر بھی انہوں نے لنگایت عوام سے معافی طلب کی تھی ۔ اس طرح دو مرتبہ معافی کی وجہ سے ایم بی پاٹل اورڈی کے شیو کمار کے درمیان ٹھن گئی تھی۔